بنگلورو27؍ستمبر(ایس او نیوز)وزیر زراعت کرشنا بائرے گوڈا نے آج بتایاکہ ریاست میں اس مرتبہ دالوں کی فصلوں میں اضافہ متوقع ہے۔ جس کے پیش نظر کسانوں کی پیداوار اورعوام کی ضروریات کی تکمیل کیلئے حکومت کی جانب سے لائحہ عمل تیار کیاجارہاہے۔ آج محکمۂ زراعت کی جانب سے دال کی فصلوں کی نگرانی اور مارکیٹ سے متعلق منعقدہ قومی کارگاہ کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ گزشتہ سال دال کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اس مرتبہ کسانوں نے دال کی فصل پر خصوصی توجہ دی ہے،جس کے پیش نظر اس مرتبہ قیمتوں میں گراوٹ آئی ہے، ایسی صورتحال میں کسانوں کے مفادات کے تحفظ کیلئے حکومت تیار ہے۔ جس کے پیش نظر نئی پالیسی تیار کرنے کے مقصد سے اس کارگاہ کا اہتمام کیاگیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ گزشتہ سال ریاست میں 17ملین ٹن دال کی فصل ہوئی تھی، اس مرتبہ اس میں 21ملین ٹن تک اضافہ ہونے کی توقع ہے۔ ملک میں دال کی فصل اگانے میں کرناٹک پانچویں مقام پر ہے، جبکہ تور دال کی فصل میں کرناٹک کو پہلا مقام حاصل ہے۔ گزشتہ سال 10 لاکھ ہیکٹر پر تور دال کی بویائی ہوئی تھی، جبکہ اس مرتبہ 16؍لاکھ ہیکٹر پر بویائی کی گئی ہے۔ اسی طرح دیگر دالوں کی پیداوار میں بھی اضافہ ہونے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر حکومت کی جانب سے احتیاطی اقدامات کے طور پر تکنیکی نکتۂ نظر کے تحت اقدامات کئے جائیں گے۔2016 کو عالمی تنظیم نے بین الاقوامی ’’سال برائے دال ‘‘کے طور پر اعلان کیا ہے۔ مسٹر بائرے گوڈا نے بتایاکہ جس طرح فصلوں میں اضافہ ہوتا ہے اسی طرح قیمتوں میں گراوٹ فطری عمل ہے، جس کے پیش نظر کسی بھی مارکیٹ میں اس کی فروخت کیلئے لائسنس فراہم کرنے پر غور کیاجارہاہے۔ قیمتوں میں گراوٹ پر حکومت کی جانب سے انہیں محفوظ کرنے کیلئے گوداموں کا سہارالینے کے علاوہ بینک قرضہ جات فراہم کرنے پر بھی غور کیاجارہاہے۔ اس موقع پر محکمۂ کوآپریشن ، ویر ہاؤز کارپوریشن سمیت مختلف محکموں کے علاوہ ملک کی مختلف ریاستوں کے افسران ، کسان اور پرائیویٹ کمپنیوں کے عہدیداران نے شرکت کی۔